ایف بی آر نے پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی تیاری شروع کر دی

لاہور: ذرائع کے مطابق فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کی حتمی تیاری شروع کردی ہے جس کے تحت پرچون فروشوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔

ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق 55 لاکھ پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا اور چھوٹے سے چھوٹا دکاندار بھی ٹیکس نیٹ میں شامل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق محکمے کے پاس فہرستیں موجود ہیں اور ان کی اسکروٹنی بھی ہوچکی ہے، ٹیکس نیٹ میں آنے والے تمام دکاندار نئے مالی سال سے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ ایسے دکاندار بھی ہیں جن کی ماہانہ لاکھوں روپے کی سیل ہے، ان دکانداروں کا رہن سہن، گھر، گاڑی ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہے، ٹیکس نیٹ میں نہ ہونے کی وجہ سے ہربار آئی ایم ایف کے آگے ہاتھ پھیلانے پڑتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح بجلی اور گیس چوری کےخلاف آپریشن ہوا، یہ آپریشن بھی اسی طرز کا ہونے جارہا ہے۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے استفسار کیا تھا کہ 30 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پرچون فروشوں کی اسکیم کا نفاذ کب کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں