متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی جو اپنے شہریوں یا مکینوں کو دنیا بھر سے بڑھ کر جدید ترین سہولیات کی فراہمی میں سب سے آگے رہا ہے وہاں اب موبائل پیٹرول پمپس تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں جن کے ذریعے کمپنی کا عملہ شہریوں کے گھروں یا دفاتر کے باہر کھڑی گاڑیوں میں ایپ پر کئے گئے آرڈر کے مطابق پیٹرول بھر دیتا ہے۔
کمپنی نے “کافو” (CAFU) کے نام سے موبائل فون ایپ متعارف کرا رکھی ہے جس میں صرف دبئی کے موبائل فون نمبرز سے لاگ اِن کیا جا سکتا ہے۔
ایپ میں گاڑی کی تمام تفصیلات بھی فراہم کی جاتی ہیں اور ایپ یوزر سے گوگل میپ اور بینک اکاونٹس سے منسلک ہوتا ہے، کوئی بھی شہری اپنے گھر پہنچ کر اپنی گاڑی کیلئے ضرورت کے مطابق مطلوبہ پیٹرول کا آرڈر کرتا ہے اور گاڑی کے فیول ٹینک کا ڈھکن کھول کر چھوڑ جاتا ہے جس کے بعد شہری اپنے کام میں مصروف ہو جاتا ہے۔
آرڈر کرنے کے 10 منٹ کے اندر کافو کی گاڑی لوکیشن پر پہنچ کر مذکورہ گاڑی میں مطلوبہ پیٹرول بھر دیتی ہے اور اس کی ادائیگی ایپ کے ذریعے شہری کے اکاؤنٹ سے ازخود ہو جاتی ہے۔
اس طرح شہری پیٹرول پمپ سے پیٹرول بھروانے کیلئے لمبی قطار میں لگ کر ٹائم ضائع کرنے سے بچ جاتا ہے اور صبح اٹھ کر اپنی گاڑی اسٹارٹ کر کے کام کاج میں مصروف ہو جاتا ہے۔
یہی نہیں مصروف ترین شہریوں کو اس ایپ کے ذریعے کار واش، گاڑی کی بیٹری، ٹائرز، انجن آئل، انشورنس اور دیگر ہنگامی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔