معروف پاکستانی اداکارہ، ماڈل و گلوکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ انہیں پہلے اپنا نام پسند نہیں تھا اور انہیں الجھن ہوتی تھی۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی جس کے میزبان ان کے شوہر محب مرزا تھے، دوران شو محب نے اہلیہ سے سوال کیا کہ ماضی میں آپ کو اپنے نام سے الجھن تھی، ایسا کیوں تھا؟
جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میرا نام تقریباً ہر بھارتی گانے میں آتا تھا، ہر کوئی میرا نام لے کر گانا گاتا تھا جو کہ مجھے بالکل پسند نہیں تھا۔
اس دوران محب مرزا نے ہنستے ہوئے کہا کہ رکشوں کے پیچھے بھی آپ کا نام ’میرے صنم‘ درج ہوتا ہے۔
صنم سعید اس بات پر ہنس پڑیں اور کہا کہ رکشوں کے پیچھے، ہر جگہ اس نام کا استعمال ہوتا تھا، اس لیے پہلے مجھے اپنا نام پسند نہیں تھا مگر اب اپنا نام اچھا لگتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار محب مرزا اور اداکارہ صنم سعید نے گزشتہ برس مارچ میں اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کیا تھا، دونوں اداکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔