اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین ارسا کی تقرری کے احکامات واپس لے لیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ حکومت کے خدشات پر چیئرمین ارسا ظفر محمود کی تقرری کے احکامات واپس لے لیے جب کہ نئے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس نے چیئرمین ارسا کی تقرری کی سمری واپس لینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
وزیراعظم نےگزشتہ روز گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ظفر محمود کو چیئرمین ارسا تعینات کیا تھا اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اس سے قبل وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
وزیر آبپاشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن واپسی لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ نےمؤقف اپنایا سی سی آئی میں طے ہو چکا کہ چیئرمین کی تعیناتی روٹیشن بنیاد پر صوبوں کے ممبر سے ہوگی جس پر وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ اور محکمہ آبپاشی سندھ کے مؤقف کو مان لیا ہے۔
واضح رہےکہ سندھ حکومت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے چیئرمین کی تعیناتی مسترد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نہ صرف تعیناتی بلکہ جس شخص کو تعینات کیا گیا اس پر بھی اعتراض ہے، ارسا کا مقصد ہی یہ تھا کہ اس میں وفاق کا کوئی اثر انداز نہ ہو، نگران حکومت نے آرڈیننس سے ترمیم کردی کہ وفاق کا ایک نمائندہ ارسا کا ممبر ہوگا۔