سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی اور میر مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر فاطمہ بھٹو نے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے پوسٹ کی کہ گراہم اور مجھے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی ہے۔
فاطمہ بھٹو نے بیٹے کا نام اپنے مرحوم والد مرتضیٰ بھٹو سے منسوب کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے بیٹے کانام ’میر مرتضیٰ بیرہ‘ رکھا ہے۔
فاطمہ بھٹو نے بیٹے کا نام مرتضیٰ رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بیٹے کو ایک ایسا نام دینا چاہتے تھے جو اسے اس وقت ہمت اور شفقت دے جب وہ دنیا میں اپنا راستہ بنا رہا ہو، میں اپنے بیٹے کا ایک ایسا نام رکھنا چاہتی تھی جو اس کے لیے زندگی میں مشعل راہ بنے، ایسا نام جو اس کے لیے محبت اور طاقت کی ڈھال بن جائے، ایک ایسا نام جس کے بارے میں وہ جانتا ہو کہ اسے اس کی ماں کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے دیا گیا ہے، ایسا نام جو اسے زندگی بھر تحفظ کا احساس دلائے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کو ایک ایسا نام دینا چاہتی تھی جو اسے ایک دلکش اور بےخوف و نڈر بنائے، اسے اپنے وطن سے محبت اور خوشیاں سب یکساں عطا کرے، جب بھی میں نے سوچا کہ ایسا نام کیا ہوسکتا ہے تو ہمیشہ میرے ذہن میں اپنے پیارے والد کا نام ہی آیا۔
فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں بیٹے کیلئے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں فاطمہ بھٹو گراہم جبران کےساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔