جھگڑے میں منہ پر تھپڑ مارنے پر شوہر نے حاملہ بیوی اور کمسن بیٹی کو قتل کردیا

لودھراں میں شوہر نے مبینہ طور پر حاملہ بیوی اور ڈیڑھ سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق دوہرے قتل کی یہ واردات لودھراں کی تحصیل کہروڑپکا کے علاقے مسہ کوٹھا میں ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ عرفان نامی شخص کا گھر میں اپنی حاملہ بیوی رقیہ سے جھگڑا ہوا تو اس کی بیوی نے مبینہ طور پر اس کے منہ پر تھپڑ دے مارا جس پر اس نے مبینہ طور پر پہلے اپنی بیوی کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کیا، اس کے بعد اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کے منہ پر تکیہ رکھ کر اسے بھی مار ڈالا۔

پولیس تھانہ صدر کہروڑپکا نے ماں بیٹی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے کہروڑپکا اسپتال منتقل کردیں جب کہ ملزم کو گرفتار کرکے جائے واردات سے قتل میں استعمال ہونے والا کپڑا، تکیہ اور دیگر شواہد حاصل کرلیے۔

پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی آپس میں رشتہ دار تھے اور اکثر ان میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں