راولپنڈی کی شیر زمان کالونی میں دیور نے بیوہ بھابھی اور اس کی بیٹیوں کو دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان نے بیوہ اور اس کے بچوں پر بیلچوں سے وار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر کا کہنا ہے کہ ملزم ریاض شاہ متاثرہ بیوہ کا دیور ہے اور فیملی کے درمیان مکان کا تنازع چل ہے، ملزم اپنے دوسرے بھائی سے مل کر حصہ مانگ رہا ہے جبکہ مکان متاثرہ بیوہ کے مرحوم شوہر کے نام ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ریاض شاہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کیخلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد برداشت نہیں، یہ ریڈ لائن ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر سمیت دیگر پولیس افسران نے متاثرہ فیملی کے گھر جا کر ان کی خیریت بھی دریافت کی اور واقعے سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں اور انہیں تعاون کا یقین دلایا۔