بھارتی فلم ساز انوراگ کیشپ نے انڈسٹری میں نئے آنے والے اداکاروں سے 10 سے 15 منٹ کی ملاقات کے لیے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
انوراگ کیشپ نے شوبز میں آنے والے نئے اداکاروں سے ناراضگی کا اظہار انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ اب وہ کسی نئے شخص سے بغیر معاوضے کے ملاقات نہیں کریں گے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’میں نے نئے آنے والے لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش میں بہت زیادہ وقت ضائع کردیا، اس لیے اب میں عام لوگوں سے ملاقات کرکے اپنا وقت ضائع نہیں کروں گا جو اپنے آپ کو قابل سمجھتے ہیں‘۔
فلم ساز نے کہا کہ ‘جن لوگوں کو مجھ سے ملنا ہے اب انہیں پہلے فیس ادا کرنی ہوگی، اگر کوئی مجھ سے 10 سے 15 منٹ کے لیے ملاقات کرنا چاہتا ہے تو اسے ایک لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے، آدھے گھنٹے کی ملاقات کے لیے 2 لاکھ اور ایک گھنٹے کی ملاقات کے لیے 5 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگ مجھ سے ملاقات کرکے وقت برباد کرتے ہیں، اگر آپ واقعی ملاقات کے لیے یہ قیمت ادا کرنے کے قابل ہیں تو مجھے کال کریں ورنہ مجھ سے دور رہیں، یہ قیمت ایڈوانس میں ادا کرسکتے ہیں‘۔
خیال رہے کہ ہدایتکار انوراگ کیشپ وہ بھارتی فلم ساز ہیں جنہوں نے کئی ستاروں کو متعارف کروایا،ان میں نواز الدین صدیقی کا نام سرِ فہرست ہے۔