قومی ٹیم کے کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پرفارمنس پر ٹیم میں شمولیت کو کھلاڑی اور ٹیم کے ساتھ زیادتی قرار دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران احمد شہزاد نے کہا کہ ڈھائی تین سال سے مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہوں، پرفارمنس سب کے سامنے ہے لیکن قومی ٹیم اور پی ایس ایل میں میرا نام نہیں آیا۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پرفارمنس پر شمولیت کھلاڑی اور ٹیم کے ساتھ زیادتی ہے، چیئرمین پی سی بی نے میرٹ کی بات کی ہے جو بہت اچھی چیز ہے، میں نے محنت جاری رکھی اور رواں سیزن میں پرفارمنس بہت شاندار رہی، امید کر رہا ہوں موقع دیا جائےگا، پرفارمنس اور تجربے سے ملک کو فائدہ پہنچانا ہے۔
کرکٹر احمد شہزاد کے مطابق ہم اب بھی اسٹرائیک ریٹ اور اٹیکنگ کھیل کی بات کرتے ہیں، ضروری یہ ہوتا ہے کہ آپ کے ساتھ بیٹھ کر پلان تیار کیے جائیں، وہاب ریاض سے ڈومیسٹک اور ٹی 20 کے دوران رابطہ ہوا تھا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل کی ایک دو پرفارمنسز پر ٹیم میں شامل کرنا کھلاڑی اور ٹیم کے ساتھ زیادتی ہے، سیاست مجھے آتی نہیں ہے، سیاست میں بہت برا ہوں، میں دل سے کام لیتا ہوں۔