اس رمضان اب تک کتنے لاکھ افراد عمرہ ادا کرچکے ہیں؟

رمضان 2024 میں اب تک دنیا بھر سے 8 ملین یعنی 80 لاکھ سے زائد مسلمان عمرہ کی ادائیگی کرچکے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں ماہ مارچ کے اختتام تک یہ تعداد مزید بڑھ جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک 82 لاکھ 35 ہزار 680 افراد بیرون ملک سے سعودی عرب پہنچے اور عمرہ ادا کیا۔

دوسری جانب رمضان المبارک میں غیرملکی زائرین کی بہت بڑی تعداد مدینہ منورہ بھی پہنچ رہی ہے اور انتظامیہ اور حکام مقدس مقامات پر آنے والوں کو بہترین سہولیات دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران تقریباً 10 ملین کے قریب زائرین کی مسجد نبویؐ آمد ہوئی اور ساڑھے7 لاکھ کے قریب خوش نصیبوں نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہےکہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران مسجد نبویؐ نے مجموعی طور پر 98 لاکھ 18 ہزار 474 زائرین اور نمازیوں کا استقبال کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے کے دوران 7 لاکھ 39ہزار 702 زائرین نے روضہ رسول ﷺپر حاضری دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں