بھارتی کرکٹرز کی شاندار فٹنس کی وجہ ویرات کوہلی ہیں: کیون پیٹرسن

انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹرز کی شاندار فٹنس کا راز ویرات کوہلی ہیں۔

سابق انگلش بلے باز کا ماننا ہے کہ ویرات کوہلی کی فٹنس بھارتی ٹیم کے کرکٹرز کے لیے مثال ہے جس سے وہ سبق حاصل کرسکتے ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں کوہلی نے رائل چیلنجرز بنگلور (RCB) اور پنجاب کنگز کے درمیان ہونے والے میچ میں 49 گیندوں پر 77 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو اس سیزن کی پہلی فتح دلوائی۔

پیٹرسن نے کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کو کرکٹ کی تاریخ میں بہترین فنشرز کے طور پر یاد رکھا جائے گا جو اننگز کو مکمل کرتے ہیں، کوہلی حالیہ دور کے بہترین فنشرز میں سے ایک ہیں۔

کیون پیٹرسن نے کہا ویرات نے ایک اہم چیز جو ہندوستانی کرکٹ کے لیے کی ہے وہ یہ کہ انہوں نے بھارتی کرکٹرز کو ایتھلیٹس بنادیا ہے، اور وہ فٹنس کے حوالے سے صرف باتیں نہیں کرتے، اس پر کام بھی کرتے ہیں۔

سابق انگلش کھلاڑی کا کہنا تھا کہ جب کوہلی وکٹوں کے درمیان دوڑ رہا ہوتا ہے تو اس کا عزم اور ہمت نظر آتی ہے، نظر آرہا ہوتا ہے کہ وہ اپنا سو فیصد دے رہا ہے، وہ بہترین بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب اسٹیڈیم کے باہر سے شروع ہوتا ہے، کرکٹر کیسی ڈائیٹ لے رہا ہے، جم میں کتنی انرجی کے ساتھ ورک آؤٹ کررہا ہے۔

کیون پیٹرسن نے سابق بھارتی کپتان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی لیے جو کھلاڑی کوہلی کے ساتھ کھیلتے ہیں یا اسے فالو کرتے ہیں وہ اسی کی طرح بننا چاہتے ہیں اسی لیے فٹنس پر کام کرتے ہیں، تو بھارتی ٹیم میں جو تبدیلی ہے وہ کوہلی کی وجہ سے ہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں