پی سی بی کی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کی پیشکش، بابر تینوں فارمیٹس میں کپتانی کے خواہاں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو ایک بار پھر سے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی ہے جب کہ مبینہ طور پر کہا جا رہا ہے کہ بابر اعظم نے پی سی بی سے تینوں فارمیٹس کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ورلڈکپ 2023 میں گرین شرٹس کی ناقص کاکردگی کے بعد بابر اعظم نے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر گیا تھا جبکہ ون ڈے کے لیے کسی کپتان کے نام کا اعلان نہیں ہوا تھا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے بابر کو 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ٹی ٹوئنٹی کپتان بنانے کی پیشکش کی تاہم بابر نے پی سی بی کو اس حوالے سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بابر نے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے کی پی سی بی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے تمام فارمیٹس کی کپتانی کرنے جیسی شرائط طے کی ہیں، بصورت دیگر بابر کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کی اس پیشکش پر غور بھی نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ اگر پی سی بی بابر اعظم کی تینوں فارمیٹس کے کپتان بنائے جانے کی شرط قبول کر لیتا ہے، تو شان مسعود کو دسمبر 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف صرف ایک سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد ریڈ بال ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی 20 میں 42 جیتے اور 23 ہارے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم اب تک 5 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ( ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 اور 2022، ایشیا کپ 2022 اور 2023، اور ورلڈ کپ 2023 ) میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، تاہم گرین شرٹس بابر کی قیادت میں اب تک کوئی آئی سی سی یا ایشیا کپ ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں