اسلام آباد ہائیکورٹ: بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر رپورٹ طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

بشریٰ بی بی کی ان کے شوہر عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے باعث عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانےکے فیصلے پرعمل درآمد سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل آفس سے اسٹیٹ کونسل عبد الرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمدکیوں نہیں ہوا؟

عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ متعلقہ حکام سےرابطہ کرکے آج ہی آگاہ کریں، چیف کمشنر آفس، جیل حکام اور دیگر فریقین سےرابطہ کرکے رپورٹ دیں۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ دونوں طرف سے سیاست ہو رہی ہے،عید کے بعد اس کیس کو سن کر فیصلہ کریں گے۔

خیال رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پربشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی سےملاقات کرانے کی ہدایت کی تھی اور دونوں کی عید پر ملاقات کرانے کا بھی حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں