آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک شاپنگ سینٹر میں ایک شخص نے خنجر کے وار کرکے 5 افراد کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا۔
سڈنی کے علاقے Bondi جنکشن کے ویسٹ فیلڈ شاپنگ سینٹر میں یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر انتھونی کوکی نے بتایا کہ ایک خاتون پولیس اہلکار نے حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس شخص کے حملے سے اب تک 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
حملے کے بعد سہ پہر 4 بجے امدادی اداروں کو Westfield Bondi میں طلب کیا گیا۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر نے بتایا کہ حملہ آور تنہا تھا اور ابھی یہ واضح نہیں کہ اس شخص نے حملہ کیوں کیا، مگر دہشتگردی کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ابھی تک حملہ آور کی شناخت بھی سامنے نہیں آئی ہے۔
پولیس کی جانب سے لوگوں کو علاقے میں جانے سے گریز کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیکڑوں افراد کو حملے کے بعد شاپنگ مال سے نکالا گیا مگر اب بھی کچھ افراد وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی متعدد پوسٹس میں شاپنگ سینٹر سے لوگوں کی بھگدڑ کو دکھایا گیا ہے۔