فیصل آباد: ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے اور پولیس اہلکار کی جانب سے تشدد کیس میں پولیس نے کانسٹیبل کے فون کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ ریلوے عبداللہ شیخ کے مطابق ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کے خاتون پر تشدد کے کیس میں تحقیقات جاری ہیں۔
کانسٹیبل منیرکے سی ڈی آر کے مطابق 7 اپریل کو کانسٹیبل کا فون کراچی اور حیدرآباد کے درمیان رہا، منیر کا فون اس کی والدہ کے نام پر ہے، کانسٹیبل کے فون سے 19 فون کالز اور ایس ایم ایس ریکارڈ پر ہیں۔
فون ریکارڈ کے مطابق منیر 8 اپریل کو کراچی واپس گیا اس حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ،ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا جو بعد میں ضمانت پر رہا ہوگیا۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں‘۔
بعد ازاں خاتون کی لاش برآمد ہوئی جس پر پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ خاتون نے ٹرین سے چھلانگ لگائی۔