راولپنڈی: پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ آج بانی تحریک انصاف عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے ساتھ مفاہمت نہیں ہو سکتی۔
جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص نے صدر زرداری کی مفاہمت کی پیشکش پر بات کی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں صدر زرداری نے کہا تھا کہ ہم اختلاف کو مل بیٹھ کر حل کریں، ملک کو جس چیز کی ضرورت ہے وہ ہمارے ایجنڈے میں شامل ہونی چاہیے، سیاسی قیادت اپنی ترجیحات کو ہائی لائٹ کریں، درپیش مشکلات میں ہم اختلافات لے کر نہیں چل سکتے۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے صدر آصف ذرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر شدید تنقید کی تھی۔
صدر کی مفاہمت کی پیشکش پر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج واضح طور پر کہا ہے کہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے ساتھ مفاہمت نہیں ہو سکتی۔
دوسری جانب اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی لگانے پر احتجاج کیا ۔