کراچی: ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملہ کرنے والے دہشتگردوں سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا کہ لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں حملہ کرنے والے دہشتگرد پیدل چل کر گاڑی کے قریب آئے، حملہ آوروں کے پاس 6 دستی بم، ایس ایم جی اور 3 میگزین تھے، حملہ آوروں کے پاس پیٹرول کی 2 بوتلیں بھی تھیں، تمام چیزیں حملہ آوروں کے پاس موجود بیگ میں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی جس وین کو نشانہ بنایا گیا اس کے پیچھے کمپنی کے افسر کی گاڑی تھی، افسر کی گاڑی کے پیچھے کمپنی کے سکیورٹی گارڈز کی گاڑی تھی، دہشتگردوں نے وین پر فائرنگ کی، وین کے پیچھے موجود سکیورٹی گارڈز نے جوابی فائرنگ کی۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے ایک دہشتگرد مارا گیا، دوسرے دہشتگرد نے وین کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑایا، غیر ملکیوں کے ہمراہ موجود سکیورٹی گارڈز نے دہشتگرد سے مقابلہ کیا، دہشتگردکو سر پر گولی مارکر ہلاک کیاگیا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ صبح 6 بج کر 50 منٹ پر کیاگیا، جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آورکا سر اور کچھ اعضا ملے ہیں، ہلاک دوسرے دہشتگردکے فنگرپرنٹس کے ذریعے شناخت کی کوشش کی جائےگی۔
ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں سے متعلق تھریٹس موجود تھے، سکیورٹی تھریٹس کےباعث پولیس بھی الرٹ تھی، سکیورٹی سے متعلق سی پیک اورنان سی پیک کا پلان تیارکیا گیا تھا، دھماکا ہوا تو پولیس کی وین قریب موجود تھی جو فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
سکیورٹی گارڈز نے حملہ آورں پر فائرنگ کرکے حملہ ناکام بنایا: انچارچ سی ٹی ڈی
دوسری جانب انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تین گاڑیوں میں غیر ملکی جا رہے تھے، خود کش حملہ آور جائے وقوعہ کے قریب موجود تھے، سکیورٹی گارڈ نے حملہ آورں پر فائرنگ کرکے حملہ ناکام بنایا۔
راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ اسپیڈ بریکر پر گاڑی آہستہ ہوئی تو حملہ کیا گیا، گاڑیوں میں موجود تمام غیر ملکی محفوظ رہے۔
انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشتگرد موٹرسائیکل پرگاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے پہنچے، جائے وقوعہ کے قریب دہشتگرد موٹر سائیکل سے اترگئے، دہشتگرد گاڑی کے قریب پیدل پہنچے اور فائرنگ کی۔