جمہوری ترقی کیلئے ناپسند فیصلے بھی کرنے پڑیں گے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جمہوری ترقی کی گاڑی کو آگے بڑھانے کیلئے ناپسند فیصلے بھی کرنے پڑیں گے۔

کراچی کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا 8 فروری کے الیکشن کے نتیجے میں وفاق میں منقسم مینڈیٹ ملا، ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ عوام کے مسائل حل کر سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، دوست اور بھائی کی طرح آپ کی ہرکال پر تیار ہوں، صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، میرا فرض ہے اس حکومتی اتحاد کو مزید مضبوط بناؤں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں مزید ممالک کے وفود پاکستان آئیں گے، صوبے اور وفاق مل کر کام کریں گے تو سرمایہ کاری آئے گی، جمہوری ترقی کی گاڑی آگے بڑھے اس کیلئے ناپسند فیصلے بھی کرنے پڑیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے وفاق کی جانب سے فنڈز نہ ملنے اور نئی ترقیاتی اسکیموں میں حصہ نہ ملنے کا شکوہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں