بالی وڈ اداکارہ کیارا ایڈوانی نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل اسکول میں بچوں کے ڈائپرز تبدیل کرنے کے کام کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ کیارا ایڈوانی نے اپنے کیرئیر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ بالی وڈ میں آنے سے قبل انہوں نے اپنے کیرئیرکا آغاز اپنی والدہ کے پری اسکول سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ بننے سے قبل میری پہلی جاب میری والدہ کے پری اسکول میں تھی جہاں میں صبح 7 بجے پہنچ کر بچوں کا خیال رکھتی تھی، اس دوران میں نے بچوں کے سارے کام کیے، میں بچوں کیلئے نرسری کی نظمیں پڑھتی تھی، انہیں حروف تہجی اور نمبرز پڑھاتی تھی، اس دوران میں نے بچوں کے ڈائپرز بھی تبدیل کیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے بچے پسند ہیں اس دوران مجھے وہ اپنے بچوں کی طرح ہی پیارے لگتے تھے اور میں سوچتی تھی کہ یہ دنیا کا سب سے خوبصورت احساس ہے۔