اسلام آباد: جیونیوز نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی ناکامی کی رپورٹ حاصل کرلی۔
جیونیوز کو موصول رپورٹ کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عملدرآمد میں صنعتی شعبے نے مزاحمت کی جب کہ بیوروکریسی کی نااہلی بھی نظام پرعملدرآمد نہ ہونےکی وجہ بنی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لائسنس رکھنے والی کمپنی کی نا تجربہ کاری بھی نظام پرعملدرآمد نہ ہونے کی وجہ ہے جب کہ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہےکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مقامی صنعت کی صورتحال کو سمجھے بغیر نافذ کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں ثالثی، آڈٹ اور جرمانے کی دفعات شامل نہیں کی گئیں جب کہ سسٹم کے تحت ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی نہیں کی گئی۔
رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہےکہ ایف بی آر اور لائسنس یافتہ کمپنی کے پاس درکارمہارت اور سمجھ بوجھ نہیں تھی، معاہدے کی خامیاں اور عدالتی چارہ جوئی، اسٹے آرڈر وغیرہ بھی ٹی ٹی ایس نظام پرعمل درآمدمیں تاخیرکی وجہ بنیں۔
رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایف بی آر نے اپنے طورپر ٹی ٹی ایس کوکنٹرول کرنےکیلئے کوئی صلاحیت پیدا نہیں کی۔
رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ایف بی آرکی پیداواری ڈیٹا اور سیلز ٹیکس کا جائزہ لینے کی صلاحیت بڑھائی جائے اور ٹی ٹی ایس پرعمل درآمد کے لیے ٹاسک فورس بنائی جائے، وزیراعظم یاوزیرخزانہ کےدفترسے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی نگرانی کی جائے۔