امریکا میں دنیا کا سب سے بڑا تھری ڈی پرنٹر تیار کیا گیا ہے جو حیران کن کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
96 فٹ لمبے اور 32 فٹ چوڑے اس پرنٹر کو فیکٹری آف دی فیوچر کا نام دیا گیا ہے۔
Maine یونیورسٹی کی جانب سے اسے تیار کیا گیا ہے جو متعدد پیچیدہ ترین کام کر سکتا ہے۔
مثال کے طور پر یہ تھری ڈی پرنٹر ایک گھر 80 گھنٹے میں پرنٹ یا تعمیر کر سکتا ہے۔
اس پرنٹر کا تیار کردہ گھر سادہ اور ایک منزل پر مبنی ہوتا ہے۔
اس ریاست میں 2030 تک 80 ہزار گھروں کو تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی تو ماہرین کے خیال میں یہ ایک منزلہ گھر رہائشی ضروریات کے مسائل پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشین کے ذریعے پرنٹ کی جانے والی ہر چیز ری سائیکل ایبل ہوگی۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ پرنٹر صرف گھر ہی تیار نہیں کرتا بلکہ آبدوز اور دیگر فوجی گاڑیاں بھی پرنٹ کر سکتا ہے۔
اس پرنٹر کی تیاری میں لگ بھگ 5 سال کا عرصہ لگا اور ماہرین کو توقع ہے کہ مستقبل میں اس کو مکمل آبادیاں بسانے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی دنیا کا سب سے بڑا تھری ڈی پرنٹر اسی یونیورسٹی نے تیار کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق دونوں تھری ڈی پرنٹرز کے روبوٹیک آپریشنز کے لیے نئے سنسرز، آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور دیگر ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا گیا ہے۔
اب وہ اس سے بھی زیادہ بڑے تھری ڈی پرنٹرز کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ان کا تیار کردہ نیا پرنٹر ایک گھنٹے میں 227 کلوگرام میٹریل استعمال کرکے مختلف چیزیں تیار کر سکتا ہے۔
اس کی مدد سے آزمائشی طور پر 600 اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ایک گھر بھی تعمیر کیا گیا جس کے لیے ووڈ فائبر اور دیگر ماحول دوست میٹریلز کو استعمال کیا گیا۔