برطانیہ کے شہر کینٹربری میں ایک ریسٹورینٹ نے چکن ونگز کھانے کا ایسا انوکھا چیلنج نکالا جو زندگی کیلئے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
اس ریسٹورینٹ کا نام ونگ کنگز ہے جس نے یہ خطرناک اور منفرد چیلنج ‘Earn Your Wingz’ اپنے ریسٹورینٹ میں آنے والوں کو دیا ہے جس میں شرکا کو 15 چکن ونگز کھانے ہوں گے۔
یہ چیلنج خطرناک کیوں ہے؟
ریسٹورینٹ نے ان چکن ونگز کو سب سے تیز مرچ کیرولینا ریپر ساس سے تیار کیا ہے، اس مرچ کا تعلق شملہ مرچ کی نسل سے ہے جبکہ اس مرچ کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے بھی دنیا کی سب سے تیز مرچ قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا یہ چیلنج صحت کیلئے خطرناک ہونے کے سبب انتظامیہ کی جانب سے شروع کرنے سے پہلے شرکا سے ایک معاہدہ بھی کروایا جاتا ہے، جس کے مطابق شرکا کے صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کے نقصان کی ذمہ دار انتظامیہ نہیں ہوتی۔
چیلنج کا اصول
اس چیلنج کا ایک اصول ہے جس کے مطابق شرکا کو صرف 10 منٹ میں 15 چکن ونگز کھانے ہوں گے اور اس کے بعد 5 منٹ تک مرچوں کی وجہ سے ہونے والی جلن کے احساس کو برداشت کرنا ہوگا۔
کامیابی پر انہیں ریسٹورینٹ کا فری کھانا اور ریسٹورینٹ کی دیوار پر ‘وال آف فیم’ بنائی گئی ہے جس میں کامیاب شرکا کا نام لکھا جائے گا۔
ریسٹورینٹ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ زیادہ تر شرکا اس چیلنج کو پورا ہی نہیں کر پاتے، 12 شرکا میں سے صرف 3 افراد نے 13.95پاؤنڈ کا چیلنج کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔