متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اماراتی محکمہ موسمیات (نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی) کے مطابق بدھ کی شام سے جمعرات تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔
اماراتی محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ متحدہ عرب امارات بحیرہ احمر سے سطحی کم دباؤ کی توسیع سے متاثر ہے، مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں بھی عرب امارات کے موسم پراثرانداز ہوں گی۔
اماراتی محکمہ موسمیات کے نمائندے کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے جب کہ کچھ جگہ اولے بھی پڑسکتے ہیں، اس دوران تیز ہواؤں کی رفتار 65 کلومیٹر کی فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات دو ہفتے پہلے بھی شدید بارش سے متاثر ہوچکا ہے، دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئی تھیں۔
شدید بارشوں کی وجہ سے دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا تھا جب کہ بہت سی پروازیں منسوخ کرنی پڑی تھیں۔