نیب نے ایل این جی ریفرنس واپس لے لیا، شاہد خاقان سمیت تمام ملزمان بری

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی نیب ریفرنس واپس لے لیا جس پر عدالت نے انہیں ریفرنس سے بری کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی جس سلسلے میں ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول عدالت میں پیش ہوئے جب کہ شاہد خاقان کے وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔

اس دوران نیب کی طرف سے درخواست دائر کی گئی جس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس واپس لینے کی استدعا کی۔

عدالت نے نیب کی ریفرنس واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان سمیت تمام ملزمان کو ریفرنس سے بری کردیا۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور عبداللہ خاقان بھی ریفرنس سے بری ہوگئے۔

واضح رہےکہ شاہد خاقان عباسی پر ایل این جی نیب ریفرنس چند سال قبل دائر کیا گیا تھا جس میں سابق وزیراعظم پر16 نومبر 2020 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں