پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے کہا ہے کہ یورپی یونین صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کیلئے دھمکیاں دیے جانے سمیت ہر طرح کی پُرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف تشدد کے اقدامات چاہے ریاست کی جانب سے ہوں، کسی گروہ کی جانب سے ہوں یا کسی فرد کی جانب سے، ایسے جرائم پر کوئی استثنیٰ نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں دنیا بھر میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے سیاسی جبر اور آزادی صحافت پر لگائی جانے والی قدغنوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی جانب سے صحافت کی ازادی سے متعلق جاری کی گئی انڈٰیکس میں پاکستان پچھلے سال کے مقابلے دو درجے کمی کے بعد 152 ویں نمبر پر جبکہ بھارت بھی دو درجہ تنزلی کے بعد 161 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔