ای سی سی نے پاسکو کیلئے گندم کا ہدف 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنےکی منظوری دیدی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کیلئےگندم کی خریداری کا ہدف 14 سے بڑھا کر 18لاکھ میٹرک ٹن کرنےکی منظوری دیدی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ اور ایم ڈی پاسکو بھی شریک ہوئے، اجلاس میں گندم کی خریداری کا ہدف بڑھانے اور گندم کی خریداری کے لیے مطلوبہ کیش کریڈٹ کی حد بڑھانے کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ 2024 کی ضروریات پورا کرنےکیلئے 2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد درآمد کی منظوری دی گئی اور وزارت صنعت وپیداوار کو یوریا کی طلب و رسد کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے لینے کی ہدایت کی گئی۔

ای سی سی کی جانب سے اسٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی بھی منظوری دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ وزارت صنعت اسٹیل ملز کے اثاثےکے مستقبل میں استعمال کیلئے ٹائم لائن کے ساتھ تفصیلی منصوبہ دے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹیرف میں سبسڈی بقایا جات ختم کرنے کیلئے کے الیکٹرک کو درخواست کی اجازت دی اور کے الیکٹرک کو 70 ارب روپےکے اجراء کی درخواست کی اجازت بھی دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے آزاد کشمیر کے لیے 55 ارب روپےکے اجراء کی منظوری بھی دی جب کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کیلئے 4.8 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی، زلزلہ تعمیر نو اور بحالی اتھارٹی کے ٹھیکیداروں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کیلئے 5.8 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عالمی بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے فنانشل انکلوژن اینڈ انفرا اسٹرکچر پروجیکٹ کیلئے فنانس ڈویژن کو 3.2 ارب روپے دینےکی منظوری دی گئی۔

ای سی سی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 16 کروڑ 20 لاکھ روپے کی منظوری جب کہ فاٹا ٹی ڈی پی- ای آر پی پراجیکٹ میں وزارت داخلہ کیلئے 2.2 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں