تصور کریں کہ آپ فضائی سفر کرنا چاہتے ہیں اور ٹکٹ بھی لے چکے ہیں مگر ائیر پورٹ پہنچنے پر علم ہو کہ طیارے کا عملہ بیمار ہونے کے باعث پرواز منسوخ کر دی گئی ہے، تو کیا ہوگا؟
ایسا بھارت میں دیکھنے میں آیا جہاں ایک فضائی کمپنی کے عملے کے متعدد افراد اچانک بیماری کی چھٹی لے کر غائب ہوگئے۔
ائیرانڈیا ایکسپریس نامی کمپنی کی 86 پروازیں کیبن کریو عملے میں شامل متعدد افراد کی بیماری کے باعث منسوخ ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فضائی کمپنی کے عملے کی بڑی تعداد ایک ساتھ چھٹیوں پرچلی گئی جس کے باعث پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق عملے کے 300 سنیئر افراد نے آخری موقع پر بیماری کو رپورٹ کیا اور پھر اپنے موبائل فونز بھی بند کر دیے۔
فضائی کمپنی کی جانب سے ابھی عملے سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے جن کی جانب سے ملازمت کی نئی شرائط کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملازمین کی جانب سے اچانک بیماری کو جواز بناکر غائب ہونا ممکنہ طور پر احتجاج کا حصہ ہے۔
فضائی کمپنی کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم عملے سے رابطہ کرکے اس کی وجہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ائیر انڈیا ایکسپریس کے عملے کا کہنا ہے کہ ٹاٹا گروپ سے کمپنی کے انضمام کے بعد ان کے ساتھ مساوی سلوک نہیں ہو رہا۔
ان کا دعویٰ ہے کہ انٹرویوز کلیئر ہونے کے باوجود عملے کے کچھ افراد کو نچلے عہدوں کی پیشکش کی گئی۔
ان کے مطابق تنخواہوں کے پیکج کی اہم مراعات کو ختم کر دیا گیا یا اس میں کمی کی گئی ہے جبکہ احتجاجی آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ائیر انڈیا ایکسپریس اور ائیر ایشیا انڈیا کے انضمام کا عمل بھی ابھی جاری ہے۔