گزشتہ مہینہ انسانی تاریخ کا گرم ترین اپریل قرار

درجہ حرارت میں اضافے سے بننے والے ریکارڈز کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ مہینے کو انسانی تاریخ کا گرم ترین اپریل قرار دیا گیا ہے۔

یورپی یونین کی موسمیاتی تبدیلی کی نگرانی کرنے والے ادارےکی رپورٹ کے مطابق یہ مسلسل 11 واں مہینہ ہے جس نے گرم ترین ہونے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

جون 2023 سے اپریل 2024 تک ہر مہینے نے کرہ ارض پرگرم ترین رہنے کا ریکارڈ قائم کیا۔

گزشتہ 12 ماہ کے دوران اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.61 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا جو انسانی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ خام ایندھن کوجلانے کے باعث گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ ہے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کے ہدف کی خلاف ورزی کے قریب ہے، درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سےکم رکھنے کیلئےاقدامات کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ 2015 کے پیرس معاہدے میں طے کیا گیا تھا کہ عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہیں کرنے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں