تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پارٹی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی جانب سے جاری کیا گیاجس میں کہا گیا ہےکہ آپ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے باوجودآپ نے بیانات دیے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ آپ کے بیان سے پارٹی ممبران اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعلقات خراب ہوئے،آپ تین روز کے اندر اندر جواب دیں اور اگر آپ کا جواب اطمینان بخش نہ ہوا تو پارٹی آپ کے خلاف ایکشن لے گی۔
دوسری جانب فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ شیر افضل مروت کو آج شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اور شیر افضل مروت کا فیصلہ عمران خان نےکرنا ہے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم پر بوگس مقدمات ہیں اور اب ہم شامل تفتیش ہونےجارہے ہیں، ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ان سے ملک نہیں چل رہا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پر تشدد ہوا ہے اور ہمارے نوجوان شہید ہوئے ہیں، ہم کس چیز کی معافی مانگیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں شیر افضل مروت سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں