ڈی آئی خان: وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر صوبے کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اوقات میں رہیں اور اگر وارننگ پر عمل نہ کیا تو گاڑی گرانٹ سب بند کردیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گورنرکے پاس آئینی عہدہ ہے لہٰذا وہ سیاسی گفتگو سے اجتناب کریں، میری وارننگ پرعمل نہ ہوا تو آپ کی گرانٹ،گاڑی سب بند کردوں گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اوقات میں رہیں، آپ کاسیاست سےکوئی تعلق نہیں، سیاسی بیان دو اور نہ صوبےکے چیف ایگزیکٹوکے خلاف بولو ، وہ منتخب ہے تمہاری طرح غیرمنتخب نہیں، دوبارہ بیان دیا توپھرمیں کہوں گا اس کو ہٹاؤیہاں سے،اگر میں کھڑاہوگیا تو جس ایک لیٹرپرتم نوٹیفائی ہوئے ہو اسی پرڈی نوٹیفائی ہوجاؤ گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے گورنر کو مزید آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تمہاری حیثیت ایک لیٹرکی ہے مینڈیٹ کی نہیں، تمیزکے دائرے میں رہو اور اپنی اوقات سے باہرمت جاؤ، حد سے گری ہوئی باتیں نہ کرو، گورنر کی اس وقت صوبے میں کوئی حیثیت ہے نہ کام ہے، میرا شکریہ اداکرو میں ڈی آئی خان کا بندہ ہوں جس کی وجہ سے تمہیں خیرات میں عہدے مل جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین سے مقابلے کیلئے ڈی آئی خان سے کوئی بندہ لے لیا جاتاہے، تمہیں تو عہدہ ملتاہی میری وجہ سے ہے، میں ڈی آئی خان سے وفاقی وزیر تھا تو مولانا کے بیٹے کو بھی وفاقی وزیر بنادیاگیا، مجھے اللہ اوربانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ بنایا تو میرے مقابلے میں تمہیں گورنر بنادیا گیا، گورنرکے پاس اختیارات نہیں اپنی حیثیت کو سمجھو ، تمہاری کیاحیثیت کہ صوبے اور وفاق کے درمیان پل بنو ،تم نے ڈپٹی اسپیکرہوتے ہوئے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔
علی امین کا کہنا تھا کہ تمہاری گرانٹ بھی بند کررہا ہوں جو تمہیں ملتی ہے وہ بھی بند کروں گا، تمیز کے دائرے میں نہ رہے تو فیول بھی بندکردوں گا، تمہاری گاڑیاں بھی میرے ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی ہیں سب بند کردوں گا، مجھے مجبور نہ کرو اس لیے اپنے کام سے کام رکھو، یہ سیاسی جنگ ہے اور تم سیاستدان نہیں رہے، تم سیاست سے فارغ ہوچکے ہو، عہدے کا لحاظ کرو۔
انہوں نے کہا کہ ایک عہدے پر رہنے کے کام سے کام رکھو، واسکٹ پہنو ، شیروانی پہنو ، ہیلو ہیلو اور ٹاٹا ٹاٹاکرو، عزت سے کام کرو،ایسا نہ ہوکہ تمہاری گاڑی میں تیل بھی نہ ہوگاڑی بھی نہ اور گورنرہاؤس بھی نہ ہو۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے 25 اپریل کو تقریب سے خطاب میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ نہ صرف اسلام آباد جائيں گے بلکہ بانی پی ٹی آئی کو وہاں سے لے کر ہی آئيں گے جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا تھاکہ میں کبھی بھی گورنر راج نہیں لگاؤں گا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گورنرہاؤس پرقبضے کی بات کی، گنڈاپورکو چیلنج ہے، آئیں قبضہ کرکے دکھائیں، میں تمہیں سڑکوں پر گھسیٹوں گا۔