اسپین کا خوبصورت گاؤں سیاحوں سے پریشان، پابندی لگانے پر غور

اسپین کے جزیرے مینورکا میں واقع بنی بیکا ویل گاؤں کی جانب سے سیاحوں پر پابندی لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔

بنی بیکا ویل گاؤں نیل گو سمندر کے کنارے قائم ہونے کی وجہ سے مشہور ہے اور دنیا بھر میں اس کی شہرت کی وجہ اس گاؤں کے ہر گھر کی سفید دیواریں ہیں جو سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتی ہیں لیکن گاؤں کی یہ خوبصورتی اس کے بسنے والوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گاؤں کے مقامی لوگوں کا کہنا ہےکہ یہ گاؤں امن پسند ہے اور یہاں کا ماحول پر سکون ہے لیکن کچھ سیاح ایسے بھی آتے ہیں جو گاؤں کے امن میں خلل پیدا کرتے ہیں اور گھروں میں گھس کر فساد پربا کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیاح ان کے گھروں میں گھس جانے کے ساتھ ساتھ ان کی چیزیں استعمال کرتے ہیں، دیواروں پر چڑھ جاتے ہیں اور بالکونیوں میں کھڑے ہوتے ہیں اور رات دیر گئے تک تقریبات کا اہتمام اور شور شرابا کرتے ہیں جس سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق اس صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے گاؤں میں سیاحوں کی آمد کے دورانیے کو محدود کیا گیا ہے جس میں صبح 11 بجے سے رات 8:30 بجے تک سیاحوں کو گاؤں میں آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی یہ خیال بھی کیا جارہا ہے کہ اگر اس پابندی پر عمل درآمد نہ ہوا تو سیاحوں پر مکمل پابندی لگا دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پابندی زیادہ تر برطانوی سیاحوں کیلئے لگائی جارہی ہے جن کی بڑی تعداد اس گاؤں کا رخ کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں