ایک سال میں 200 فلائٹس، جہاز میں مسافروں کا سامان چوری کرنیوالا چور پکڑا گیا

بھارت میں پولیس نے ہوائی جہاز میں مسافروں کی قیمتی اشیاء چرانے والے چور کو دھر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس جہاز میں اپنے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کے بیگز سے سونا اور دیگر قیمتی اشیاء چرانے والے 40 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق دہلی سے تعلق رکھنے والے ملزم راجیش کپور نے صرف ایک سال میں 200 سے زیادہ فلائٹس لیں اور ایک سال میں 110 دن جہاز کا سفر کیا، ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے اپنے مرحوم بھائی کے نام کا استعمال کیا، ملزم نے زیادہ تر اندرون ملک فلائٹس پر سفر کیا۔

پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم کو پہاڑ گنج سے گرفتار کیا گیا جہاں مبینہ طور پر ملزم نے چوری کے زیورات رکھے ہوئے تھے اور وہ اسے شرد جین نامی شخص کو فروخت کرنے والا تھا جس کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پچھلے 3 ماہ میں ہوائی جہازوں میں دوران سفر چوری کے 2 واقعات رپورٹ ہوئے، ایک واقعے میں 20 لاکھ اور دوسرے میں 7 لاکھ مالیت بھارتی روپے کا سونا چوری کیا گیا، دونوں واقعات کے بعد پولیس نے تحقیقات کیلئے دہلی اور امرتسر ائیرپورٹ کی سی سی ٹی وی چیک کی اور فلائٹ کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔

پولیس کمشنر نے کہا کہ تحقیقات میں پتا چلا کہ جن دونوں فلائٹس میں چوری ہوئی تھی راجیش نے ان دونوں فلائٹس میں موجود تھا جس کے بعد پولیس کو راجیش پر شک ہوا اور پولیس نے جب ائیر لائن انتظامیہ سے ملزم کا نمبر مانگا تو معلوم ہوا ملزم نے بکنگ کے وقت جعلی فون نمبر درج کروایا تھا، اس کے بعد پولیس نے راجیش کپور کی ریکی شروع کردی اور اس کا اصلی نمبر بھی حاصل کرلیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں