کوئٹہ: بلوچستان میں 100ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ڈیموں سے متعلق خصوصی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔
محکمہ خزانہ بلوچستان کے ذرائع کے مطابق 100 ڈیموں میں سے 26 ڈیموں پر تعمیر کا کام 2018 کے بجائے 2021 میں مکمل ہوا، تاخیر کے باعث لاگت میں 26کروڑ 10لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر سے پراجیکٹ امپلی مینٹیشن یونٹ اور سپروژن اخراجات میں 13 کروڑ 36 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ٹھیکیداروں سے سکیورٹی کی مد میں 12کروڑ روپے کی کٹوتی نہیں کی گئی۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس کی مد میں ٹھیکیداروں سے 99 لاکھ روپے کم کاٹے گئے جبکہ نان شیڈولڈ ریٹس کی مد میں11کروڑ 26لاکھ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں۔
مزید برآں آڈٹ رپورٹ میں ذمےداروں کا تعین کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔