ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس، شہباز شریف قائم مقام پارٹی صدر نامزد

لاہور: مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کو قائم مقام پارٹی صدر نامزد کر دیا۔

مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں شہباز شریف، نواز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ اور دیگر سینئر پارٹی ارکان شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینئر پارٹی ارکان کی جانب سے شہباز شریف کو قائم مقام پارٹی صدر نامزد کیا گیا جس کی دیگر اراکین کی جانب سے تائید کی گئی۔

اس حوالے سے رہنما ن لیگ سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ شہباز شریف 28 مئی تک ن لیگ کے قائم مقام صدر رہیں گے جبکہ 28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں نواز شریف کو پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے رانا ثنااللہ خان کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے، مستقل پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کے ارکان کی نامزدگی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے فیصلوں کی توثیق سی ای سی اور حتمی منظوری جنرل کونسل اجلاس میں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ کچھ عرصہ قبل ہی ن لیگ پنجاب نے نواز شریف کو پارٹی کی صدارت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تجویز پیش کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں