ایران ہیلی کاپٹر حادثہ، اسرائیل کا ردعمل سامنے آگیا

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر اسرائیل کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، روس، چین، آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کی جانب سے ایرانی حکام سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران میں ابراہیم رئیسی کو پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں اسرائیل کا کوئی کردار نہیں ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہم ملوث نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ گزشتہ روز تبریز شہر سے 100 کلو میٹر دور پیش آیا تھا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبد الہیان، گورنر تبریز اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ترجمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی سوار تھے۔

ایرانی میڈیا نے ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین عامر عبدالہیان اور گورنر تبریز کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی بھی جائے حادثہ سے مل گیا ہے جسے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں