معروف اداکار فیصل قریشی کی والدہ اور سینئر اداکارہ افشاں قریشی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے دعا کی لیکن اس کےا چھا انسان اور بیٹا بننے کیلئے دعا نہیں کی۔
افشاں قریشی حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جس دوران انہوں نے اپنے بیٹے سے متعلق دیے گئے بیان پر مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔
افشاں قریشی کا کہنا تھا کہ ’جب مرحوم اداکار خالد بٹ عمرہ کرنے مدینہ جارہے تھے اس وقت میں نے انہیں اپنے بیٹے کیلئے ایک کاغذ پر دعا لکھ کر دی تھی جس پر میں شکر گزار ہوں کہ اللہ نے میری دعا سن لی‘۔
افشاں قریشی نے بتایا کہ’اس وقت میں نے اس کاغذ پر لکھا تھا کہ یااللہ میرے بیٹے کو اتنا عروج ملے جیسے لوگ امیتابھ بچن کو جانتے ہیں، میں نے اس کاغذ میں اللہ سے دعا کی تھی کہ جتنا لوگ امیتابھ بچن کو پہچانتے ہیں اتنا میرے بیٹے کو پہچانیں‘۔
افشاں قریشی کے مطابق’ میں نے خالد بٹ کو کہا تھا کہ آپ میرے بیٹے کیلئے دعا کرنا اوریہ کاغذ حضورپاک ﷺ کے قدموں میں رکھ کر آنا اللہ نے میری وہ دعا سن لی لیکن میں نے اللہ سے اس وقت وہ دعا نہیں مانگی کہ اللہ اسے بہت اچھا بیٹا اور بہت اچھا انسان بنائے‘۔
دوران گفتگو افشاں قریشی نے مزید کہا کہ ’ اپنے والدین کی عزت کریں، ماں باپ سے بڑھ کر دنیا میں کوئی چیز نہیں ہے، اگر آپ ان کی عزت کرو گے تو آپ کو سکھ ملے گا، اگر آپ والدین کو ٹھکراؤ گے تو خدا ٹھکراتا ہے، ماں باپ کے قدموں کے نیچے جنت ہے اور ان کی دعاؤں میں اثربھی ہے، آپ یہ نہ سمجھو ماں باپ بوڑھے ہوگئے تو انہیں کچرا سمجھ کر ہٹادیا جائے یا کچرے کے ڈبے میں ڈال دیا جائے‘۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ آپ پاکستانی ہیں، مسلمان ہیں اور اسلام سے وابستہ ہیں اگر آپ اسلام سے وابستہ ہیں اور آپ کلمہ گو ہیں تو آپ کے دل میں خوف خدا ہونا چاہیے اور اس خوف خدا کیلئے آپ کو ماں باپ کی عزت کرنا چاہیے۔