کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں مئی کے اختتام تک موسم گرم اور مرطوب رہےگا جب کہ 15 جون کے بعد ملک میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں مئی کے اختتام تک موسم گرم اور مرطوب رہےگا، شہر میں مئی کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے تاہم یہ درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتاہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہیٹ ویو نہیں ہے تاہم معمول کا اوسط درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 15 جون کے بعد ملک میں پری مون سون بارشوں کا آغاز ہونےکا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ ہوا کے زائد دباؤ سے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہے اور جون کے پہلے ہفتے تک ملک کے اکثر مقامات پرموسم گرم رہنے کا امکان ہے۔