وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ گریڈ 21 سے 22 میں ترقی دینے والے سلیکشن بورڈ میں وزرائے اعلیٰ کو شامل کیا جائے۔
اپنے خط میں انہوں نے آئین کے آرٹیکل 240 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سول سروسز کا وفاق اور صوبوں میں اہم کردار ہوتا ہے لیکن فی الحال اعلیٰ ترین مناصب پر ملازمتوں کیلئے سلیکشن بورڈ میں صوبوں کی نمائندگی نہیں ہے۔
انہوں نے لکھا کہ سرکاری ملازمین کو جب گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی دی جائے تو اس کیلئے صوبوں سے رائے لی جانی چاہیے۔
مراد علی شاہ نے اپنے خط میں وزیراعظم سے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ گزارش ہے کہ ہائی پاور سلیکشن بورڈ کو از سر نو تشکیل دیا جائے اور وزرائے اعلیٰ اور صوبائی چیف سیکرٹریوں کو بورڈ میں شامل کیا جائے۔