وہ عادت جو بل گیٹس زندگی میں کامیابی اور خوشی کیلئے اہم ترین قرار دیتے ہیں

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بل گیٹس اور وارن بفٹ 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے گہرے دوست ہیں۔

درحقیقت مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے وارن بفٹ سے کافی کچھ سیکھا ہے جس نے انہیں بہتر انسان بنانے میں مدد فراہم کی۔

اب بل گیٹس نے لوگوں کو زندگی میں کامیابی کے لیے ایک عادت کو اپنانے کا مشورہ دیا ہے جو انہوں نے وارن بفٹ سے جانی تھی۔

یہ عادت ہے زندگی میں اپنا تمام وقت کام پر ضائع کرنے کی بجائے خود کے لیے وقت نکالنا۔

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ یہ بات جوانی میں جان لیتے مگر دیگر تمام افراد اس عادت کو اپنا کر زندگی میں زیادہ خوش باش اور باصلاحیت ہو سکتے ہیں۔

بل گیٹس کے مطابق ‘مجھے یہ احساس کرنے میں کافی وقت لگا کہ کامیابی کے لیے اپنے شیڈول کا ہر سیکنڈ اپنے کام پر ضائع کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ دیگر مشاغل کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے، یہ وہ سبق ہے جو میں نے وارن بفٹ سے سیکھا، کاش میں کافی پہلے ہی اس عادت کو اپنا لیتا’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 25 سال تک وہ اپنے شیڈول کا ہر ایک منٹ کام پر خرچ کرتے رہے اور 2000 میں مائیکرو سافٹ سے علیحدگی کے بعد انہیں دیگر مشاغل کی اہمیت کا احساس ہوا۔

انکا کہنا تھا کہ وہ ایک سخت باس تھے اور اپنے ملازمین کو رات 2 بجے بھی مصروف رکھتے تھے۔

اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا تھا کہ ‘مجھے یاد ہے کہ وارن بفٹ نے اپنا ورک کیلنڈر دکھایا تھا، جس میں متعدد دن ایسے تھے جن میں ان کی کوئی مصروفیت نہیں تھی، آپ اپنے وقت کو کنٹرول کر سکتے ہیں، ضروری نہیں کہ آپ اپنا پورا وقت کام پر لگا دیں’۔

بل گیٹس کے مطابق ‘وارن بفٹ اس بات کا خیال رکھتے تھے کہ ان کے اردگرد ہجوم نہ ہو اور مطالعے، سوچنے اور لکھنے کے لیے وقت موجود ہو’۔

اس انٹرویو کے دوان وارن بفٹ نے کہا کہ ‘میں اپنی مرضی سے بہت کچھ خرید سکتا ہوں مگر میں وقت نہیں خرید سکتا’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں