اسلام آباد : ٹریل 5 سےلاپتا طالبعلم کی لاش کھائی سے مل گئی

اسلام آباد: ٹریل 5 سے گمشدہ 15 سال کےطالب علم طہٰ کی لاش کھائی میں مل گئی۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں ٹریل 5 سے 15 سالہ طالب علم لاپتا ہوگیا تھا جس کے بعد پولیس نے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرکے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔

محکمہ وائلڈ لائف ذرائع کے مطابق گمشدہ 15 سالہ طالب علم کی لاش ٹریل سے مل گئی ہے تاہم انتظامیہ کو لاش کھائی سےنکال کرلانے میں مشکلات کا سامنا ہے، ریسکیو 1122 ، ایم سی آئی حکام، وائلڈ لائف اور محکمہ جنگلات کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق طالب علم کی لاش پیرسوہاوہ اور بری امام کے درمیانے مقام پر گہری کھائی سے ملی جس کے بعد طہٰ کے ماموں نے لاش کی شناخت کرلی ہے، بچے کی واٹر بوتل، موبائل فون اور بیگ لاش کے پاس ہی پڑے ہیں جب کہ موبائل فون بند ہونے کے باعث بچے سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی سٹی اور اے ایس پی سیکرٹریٹ واقعہ کی جگہ پر موجود ہیں،کھائی سے لاش نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جب کہ پولیس نے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ کل طالب علم کی والدہ نے تھانہ سیکرٹریٹ میں بیٹے کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ہفتےکی صبح طہٰ ٹریل 5 پردوستوں کے ساتھ ہائیکنگ کیلئےگیا تھا لیکن واپس نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں