اوپن اے آئی کے سربراہ کا اپنی دولت کا بیشتر حصہ فلاحی کاموں کیلئے عطیہ کرنیکا اعلان

چیٹ جی پی ٹی کو تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے اپنی دولت کا بڑا حصہ فلاحی مقاصد کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سام آلٹمین کچھ عرصے قبل ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہوئے تھے۔

سام آلٹمین اور ان کی گرل فرینڈ Oliver Mulherin نے گزشتہ دنوں دولت عطیہ کرنے والی دستاویز Giving Pledge پر دستخط کیے۔

اس پروگرام کا آغاز 2010 میں بل گیٹس، ملینڈا فرنچ گیٹس اور وارن بفٹ نے کیا تھا۔

ان تینوں کی جانب سے دنیا کے امیر ترین افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی تاکہ وہ اپنی دولت کا بیشتر حصہ فلاحی مقاصد کے لیے وقف کر سکیں۔

سام آلٹمین نے اس دستاویز پر دستخط کرتے ہوئے معاشرتی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ متعدد افراد کی محنت اور سخاوت کے بغیر ہم یہ عہد نہیں کرسکتے تھے جن کی بدولت ہمیں اس معاشرے کے قیام میں مدد ملی۔

اس جوڑے کی جانب سے عطیہ کردہ دولت سے ایسے منصوبوں پر کام کیا جائے گا جن سے جدید ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے ثمرات ہر ایک تک پہنچ سکیں۔

اگرچہ سام آلٹمین اوپن اے آئی کے سربراہ ہیں مگر وہ اس کے مالک نہیں، ان کی دولت میں اضافہ جوہری توانائی، بائیو ٹیکنالوجی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے ہو رہا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق وہ ابھی ایک ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

اس سے قبل مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ، میکنزی اسکاٹ، ایلون مسک اور دیگر متعدد امیر ترین افراد بھی اپنی دولت عطیہ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں