کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
آج ہونے والی سماعت میں میئرکراچی نےکے ایم سی اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدے پر نظرثانی کی یقین دہانی کرادی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے الیکٹرک براہ راست میونسپل ٹیکس سے کٹوتی نہیں کرے گی، ٹیکس کی وصولی کے لیے بلدیاتی کونسل کے ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی۔
میئر کراچی نے کہا ہے کہ ٹیکس ان شہریوں پر عائد نہیں کیا جائےگا جن کابل 10 ہزار روپے آتا ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، جسٹس صلاح لادین پنہور نے کہا کہ عبوری فیصلہ آج ہی جاری کیا جائے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ یہ معاملہ کونسل میں لے جائیں گے تاکہ ازسرنوجائزہ لیا جائے۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ قرار داد منظور ہوجائے اور لوگوں کی رائے نہ آئے، بعض قراردادیں منظور ہوجاتی ہیں اورپارلیمان خاموش رہتی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کوشش کریں گے 100، 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر میونسپل ٹیکس کا اطلاق نہ ہو۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ 10 ہزار روپے تک کے بل والوں کو تو استثنیٰ دیا جائے۔
سماعت کے دوران جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے اور تمام ضابطوں کے مطابق کام کریں۔
مئیر کراچی نے کہا کہ کمیٹی بناؤں گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کروں گا۔
میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل ٹیکس وصولی کیس میں حکم امتناع کی وجہ سےنقصان ہورہا ہے، امید ہے کے ایم سی کے حق میں فیصلہ آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ رضا کارانہ طور پر عوام ٹیکس دینے کو تیار نہیں، ماضی کی غلطیاں دہرانی نہیں چاہئیں، ہمارا ریونیو بڑھےگا تو شہر کےکاموں میں بہتری آئےگی۔