بھارت کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنیوالے اداکار

بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا اور الیکشن کمیشن نے تمام نشستوں کے نتائج کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 240 نشستوں کے ساتھ سب سے آگےرہی، انڈین نیشنل کانگریس 99 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور سماج وادی پارٹی 37نشستوں کے ساتھ تیسری نمبر پر رہی۔

آل انڈیا ترینامول کانگریس کزاغم 29 اور تیلگو دیسام 16 اور جنتا دل نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ شیو سینا (یو بی ٹی) نے 9 نشستیں اپنے نام کیں۔

7 مرحلوں میں ہونے والے الیکشن میں جہاں منجھے ہوئے سیاستدانوں نے حصہ لیا وہیں اس بار بھی بھارتی اداکاروں نے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔

لوک سبھا انتخابات میں کونسے مشہور اداکار کامیاب ہوئے؟

کنگنا رناوت
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت جنہوں نے حال ہی میں سیاست میں قدم رکھا اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے پہلی بار الیکشن میں حصہ لیا۔

کنگنا رناوت ریاست ہما چل پردیش میں اپنے آبائی علاقے مندی سے الیکشن میں کھڑی ہوئیں اور انہوں نے کانگریس رکن وکرمادتیہ سنگھ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

ہیما مالنی
بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے بھی لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا،انہوں نے بی جے پی کی ٹکٹ پر ماتھوڑا سے الیکشن لڑا اور اپنے 16حریفوں کو شکست دے کر شاندار فتح سمیٹی۔

شتروگن سنہا
لیجنڈری اداکار شتروگن سنہا نے ریاست مغربی بنگال کے شہر انسانسل سے آل انڈیا ترینامول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔

روی کشن
حال ہی میں ہٹ ہونے والی بالی وڈ فلم لاپتہ لیڈیز میں پولیس انسپکٹر کا کردار نبھانے والے اداکار روی کشن نے بی جے پی کے ٹکٹ پر گورکھ پور سے الیکشن لڑ ااور کامیاب ہوئے۔

منوج تیواری
بھارتی گلوکار اور اداکار منوج تیواری نے بھی بی جے پی کے ٹکٹ پر دلی سے الیکشن میں حصہ لیا اور کانگریس کے کنہیا کمار کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

ارون گوول
انڈین ٹی وی سیریز ’رامائن‘ سے مشہور ہونے والے اداکار ارون گوول نے بی جے پی کے ٹکٹ پر میرٹھ میں کامیابی حاصل کی ۔

واضح رہے کہ حکمران جماعت بی جے پی لوک سبھا میں سادہ اکثریت کے لیے درکار 272 نشستیں اکیلے حاصل کرنے میں ناکام رہی، تاہم اتحاد 292 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سادہ اکثریت کی بنیاد کی حکومت بنالے گا۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ نریندر مودی تیسری مرتبہ ملک کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے لیے 8 جون کو حلف اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں