ٹیم میں بڑی سرجری کے بجائے خود ساختہ سرجن محسن نقوی مستعفی ہوں: جے یو آئی

جعمیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے مستعفی ہونےکا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما جے یو آئی حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں بڑی سرجری کے بجائے خود ساختہ سرجن چیئرمین بورڈ مستعفی ہو۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین صاحب آپ کی سلیکٹ کردہ ٹیم نے قوم کی ناک کاٹ دی ہے، خود ساختہ سرجن چیئرمین بورڈ کے ذریعے سرجری نہیں ملک و قوم کی گردن کٹےگی۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ پی سی بی پر جب سے موجودہ چیئرمین کو مسلط کیا گیا ہے تب سے ٹیم لڑکھڑا رہی ہے، محسن نقوی اتنے ہی باصلاحیت ہیں تو انہیں بنانے والے اپنا عہدہ بھی ان کو دے دیں۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کی شکست پر محسن نقوی نےکہا ہے کہ قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ باہر بیٹھے ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا تھا کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائےگا لیکن آج کی انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قوم جلد بڑی سر جری ہوتی ہوئے دیکھےگی، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں