آپ کو گاڑی کا اے سی استعمال نہ کرنے پر غور کیوں کرنا چاہیے؟

موسم گرما میں گاڑیاں بہت جلد گرم ہو جاتی ہیں مگر پھر بھی سفر کے دوران آپ کو ائیر کنڈیشنر (اے سی) کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

جی ہاں واقعی گرمیوں میں گاڑی میں سفر کرنا مشکل محسوس ہوسکتا ہے۔

تو ہوسکتا ہے کہ گرمی سے پریشان ہوکر آپ گاڑی کے اے سی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

تاہم اگر آپ ایندھن اور پیسے بچانا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو اے سی آن کرنے کے خیال پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

ویسے تو اس بارے میں کافی بحث کی جاتی ہے کہ گاڑی کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے اے سی بہتر ہوتا ہے یا کھڑکی کھول کر سفر کرنا زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

مگر اس بات میں کوئی شک نہیں کہ دونوں سے ہی ایندھن زیادہ جلتا ہے، سوال یہ ہے کہ کونسا طریقہ کار ایندھن کو زیادہ جلاتا ہے۔

اس سوال کا جواب جاننے کے لیے Society of Automotive Engineers نے ایک تحقیق کی جس میں دونوں طریقوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ماہرین کی جانب سے دیکھا گیا کہ اے سی چلانے سے ایندھن کی بچت ہوتی ہے یا کھڑکی کھولنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے 30 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں مختلف گاڑیوں کو 31 میل فی گھنٹہ، 50 میل فی گھنٹہ اور 68 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ اے سی کے مقابلے میں شیشہ نیچے کرکے سفر کرنے سے ایندھن کی زیادہ بچت ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں گاڑی کو بغیر اے سی شیشہ بند کرکے بھی چلایا گیا اور دریافت ہوا کہ اس سے دیگر دونوں طریقوں کے مقابلے میں ایندھن کی زیادہ بچت ہوتی ہے مگر گرمی کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے۔

تو اگر آپ گرم موسم میں ڈرائیونگ کے دوران گرمی سے خود کو بچانا چاہتے ہیں تو کھڑکی کھول کر سفر کرنا بہتر خیال ہے۔

البتہ موسم بہت زیادہ گرم نہ ہو تو پھر اے سی کا استعمال کریں کیونکہ اس وقت ایندھن اتنا ہی خرچ ہوتا ہے جتنا کھڑکی کھول کر سفر کرنے سے ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں