ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک طویل عرصے سے انسانوں کو مریخ پر بسانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
مارچ 2024 میں ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں انہوں نے پیشگوئی کی تھی کہ اسپیس کا تیار کردہ اسٹار شپ راکٹ آئندہ 5 برسوں میں سرخ سیارے تک پہنچ جائے گا۔
اسی طرح فروری 2024 میں انہوں نے کہا کہ ہم نے مریخ پر 10 لاکھ انسانوں کو پہنچانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
مگر اب انہوں نے مریخ کے بعد ایک اور سیارے پر نظریں جمالی ہیں۔
اب ان کا ہدف ہمارے نطام شمسی کا 7 واں سیارہ یورینس ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا ‘میرا خواب یورینس تک رسائی حاصل کرنا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یقیناً یہ چاہتے ہیں کہ ہمارا راکٹ یورینس تک پہنچے، یقیناً وہاں تک رسائی مشکل ہے مگر ہمیں اس ہدف کا تعاقب کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ مریخ پر پہنچنا ایلون مسک کا پرانا خواب ہے اور دسمبر 2023 میں ایک ایکس پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ انسانوں کو زمین سے باہر نکل کر چاند پر بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہیے۔
اگست 2022 میں ایک جریدے کے لیے تحریر کیے گئے مضمون میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک جانے کے قابل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ‘اگر زمین رہائش کے قابل نہ رہے تو ہمیں ایک خلائی طیارے سے نئے گھر کی جانب پرواز کرنا ہوگا’۔
ایلون مسک نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے پہلا قدم خلائی سفر کے اخراجات کو کم کرنا ہے اور اسی لیے انہوں نے اسپیس ایکس کی بنیاد رکھی۔