مثل مشہور ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، ایسا ہی کچھ امریکا میں دیکھنے میں آیا جہاں ایک شخص کی چین نے اسے اس گولی سے بچا لیا جو گلے میں جانے والی تھی۔
امریکی ریاست کولوراڈو میں یہ واقعہ پیش آیا۔
.22 کیلیبر کی گولی چاند کی اس چین میں دھنس گئی جو اس شخص کے گلے میں لٹک رہی تھی۔
اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا مگر پولیس کے مطابق اس حملے میں وہ شخص بس معمولی زخمی ہوا۔
کولوراڈو کے شہر کامرس سٹی کی پولیس نے خون آلود چین کی تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس شخص نے گولی کو دھوکا دے دیا مگر حقیقت تو یہ ہے کہ وہ گولی اسے لگی تھی’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘چاندی کی چین 10 ملی میٹر چوڑی تھی اور اسی وجہ سے وہ شخص اب بھی زندہ ہے’۔
پولیس نے حملہ آور کو بھی گرفتار کرلیا ہے اور اس کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ویسے تو چین کا رنگ سلور ہے مگر یہ خالص چاندی سے نہیں بنی ہوئی کیونکہ چاندی ایک نرم دھات ہے اور وہ گولی روک نہیں سکتی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ واقعہ ناقابل یقین اور حیرت انگیز ہے۔