کراچی: نجی اسکول میں طالبہ سے زیادتی کی کوشش پر اسکول پرنسپل گرفتار

کراچی کے نجی اسکول میں 10ویں جماعت کی طالبہ سے زیادتی کی کوشش پر اسکول کے پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں نجی اسکول میں 10ویں جماعت کی طالبہ سے زیادتی کی کوشش پر اسکول کے پرنسپل منظر الہدیٰ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی بہن کی مدعیت میں اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمہ کے متن کے مطابق اسکول پرنسپل نے بہن کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی، اسکول پرنسپل واٹس اپ پر بہن کو فحش پیغامات بھیجتا رہتا تھا اور یکم جون کو پرنسپل نے بہن کو اپنے کمرے میں بلاکر زیادتی کی کوشش کی اور تشدد بھی کرتا رہا۔

مقدمے میں مزید بتایا گیا ہے کہ بہن پرنسپل سے ہاتھا پائی کرکے بھاگنے میں کامیاب ہوئی، واقعے کے وقت بہن کو کمرے میں بلانے کے بعد پرنسپل نے سی سی ٹی وی کا رخ چھت کی طرف کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ دو روز قبل 9 جون کو درج کیا گیا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں