2024 کے لیے دنیا کے پرامن ترین ممالک میں پاکستان آخری 24 ممالک میں شامل ہے جہاں صورتحال میں کسی حد تک بہتری آئی ہے۔
انسٹیٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (آئی ای پی) نے اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی ہے جس میں دنیا کے پر امن ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اس سال پاکستان 2 درجے بہتری سے 163 ممالک میں 140 ویں نمبر پر رہا جبکہ بھارت 116، سری لنکا 100، سعودی عرب 102، چین 88، متحدہ عرب امارات 53، امریکا 132 جبکہ بنگلادیش 93 ویں نمبر پر رہا۔
اس فہرست میں ممالک کی درجہ بندی کے لیے تحفظ، سکیورٹی، تنازعات اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھا گیا تھا۔
آئس لینڈ 1.112 اسکور کے ساتھ مسلسل 16 ویں سال دنیا کا پر امن ترین ملک قرار پایا مگر اس سال یورپی ملک کے مجموعی اسکور میں کمی دیکھنے میں آئی۔
آئس لینڈ کے بعد یورپی ممالک آئرلینڈ اور آسٹریا بالترتیب دوسرے اور تیسرے پرامن ترین ممالک قرار دیے گئے۔
آئرلینڈ گزشتہ سال تیسرے جبکہ آسٹریا 5 ویں نمبر پر تھا۔
نیوزی لینڈ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی چوتھے نمبر پر رہا جبکہ سنگاپور ایشیا کا پرامن ترین ملک قرار پایا اور 3 درجے بہتری سے 5 واں پرامن ملک قرار پایا۔
دنیا کے 10 پرامن ترین ممالک
سوئٹزر لینڈ چھٹے، پرتگال 7 ویں، ڈنمارک 8 ویں، سلوانیا 9 ویں جبکہ ملائیشیا 10 ویں نمبر پر رہا۔
اس سال یمن اس فہرست میں آخری نمبر یعنی 163 ویں نمبر پر رہا جس سے اوپر سوڈان (162)، جنوبی سوڈان (161)، افغانستان (160) اور یوکرین (159) پر موجود ہیں۔
غزہ پر حملہ کرکے ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کرنے والا ملک اسرائیل 11 درجے تنزلی سے 155 ویں نمبر پر پہنچ گیا جبکہ روس 157 ویں نمبر پر موجود ہے۔