واٹس ایپ میں جلد چیٹ ہسٹری کو ٹرانسفر کرنا بہت آسان ہو جائے گا

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا کارآمد فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے ڈیوائسز کے درمیان چیٹ ہسٹری کو منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

ابھی واٹس ایپ میں چیٹ بیک اپ کو ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اس کے لیے صارفین کو کلاؤڈ سروسز جیسے گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ میں ڈیٹا بیک اپ بنانا پڑتا ہے مگر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ میں ٹرانسفر چیٹ ہسٹری نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر ابھی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور اس میں چیٹ ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے کیو آر کوڈ کی مدد لی جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر ممکنہ طور پر مختلف پلیٹ فارمز کے درمیان چیٹ ہسٹری ٹرانسفر کرنے کے لیے استعمال ہو سکے گا اور کسی مخصوص سیکشنز یا طریقہ کار کی ضرورت نہیں رہے گی۔

یعنی اینڈرائیڈ میں گوگل ڈرائیو پر ڈیٹا بیک اپ کی ضرورت ختم ہو جائے گی یا اسے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ ابھی یقین سے کچھ کہنا ممکن نہیں مگر بظاہر یہی عندیہ ملتا ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے ڈیوائسز کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کے عمل کو آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے اور چند افراد کو ہی دستیاب ہے۔

اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں